چھتیس گڑھ کے سُکما ضلعے میں آج سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں دو خاتون باغیوں سمیت تین ماؤ نواز مارے گئے۔ پولیس کے مطابق Tumaalpad علاقے کے جنگلوں میں ماؤ نوازوں کے موجود ہونے کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ کی ایک ٹیم کو تلاش کی کاررروائی کیلئے بھیجا گیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ آج صبح سے سکیورٹی فورسز اور ماؤ نوازوں کے درمیان رُک رُک کر گولی باری ہورہی ہے۔ اب تک تین ماؤ نوازوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ اُن پر مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔
سکیورٹی اہلکاروں نے تصادم کی جگہ سے ایک رائفل، BGL لانچرز اور دیگر ہتھیار اور دھماکہ خیز مادہ بھی ضبط کیا ہے۔
بستر رینج کے انسپکٹر جنرل پولیس سُندر راج نے بتایا ہے کہ علاقے میں پولیس اور سکیورٹی دستوں کی اضافی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔ علاقے میں تلاش کی بڑی کارروائی جاری ہے۔