26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ملزم تہور رانا کو آج بھارت لایا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پختہ عزم کی وجہ سے آج ممبئی حملوں کے ملزم کو بھارت لایا جارہا ہے اور اُسے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس سرکار نے دہشت گردوں کو سزا دینے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اِس طرح کی اطلاعات ہیں کہ تہور رانا کو امریکہ سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے لایا جارہا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ملزم تہور رانا کی بھارت کو حوالگی مودی حکومت کی سفارت کاری کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کو ملک واپس لائے، جنہوں نے بھارت کے عوام پر ظلم کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہا کہ یہ ملک کے لیے بڑی کامیابی ہوگی کہ تہور رانا کو بھارتی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مرکزی حکومت نے 26/11ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ملزم تہور رانا کیس اور دیگر معاملات میں مقدمہ چلانے کے لیے ایڈوکیٹ نریندر مان کو خصوصی سرکاری وکیل مقرر کیا ہے۔ ایک گزٹ نوٹیفکیشن میں، وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ نریندر مان کو قومی جانچ ایجنسی کی جانب سے دلّی میں NIA کی خصوصی عدالتوں اور اپیل کورٹس میں مقدمہ چلانے کے لیے تین سال کی مدت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔