چوتھے کاشی تمل سنگمم کا ایک عظیم الشان افتتاحی تقریب کے ساتھ آج شام اترپردیش کے وارانسی میں آغاز ہوا۔ تعلیم کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مشترکہ طور پر اِس تقریب کا افتتاح کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2022 میں پہلے کاشی تمل سنگمم کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد ملک کے شمالی اور جنوبی حصے کے درمیان ایک ثقافتی پُل تعمیر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ تقریب نے اِن رشتوں کو کافی مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کثیر لسانی فطرت، اُس کی طاقت ہے اور یہ تقریب ایک عوامی تحریک بن گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اِس تقریب کو زبان، ثقافت اور روایت کا ایک عظیم سنگم قرار دیا، جس سے ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو تقویت ملتی ہے۔ اِس موقع پر اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ایل مروگن نے نمو گھاٹ پر مواصلات کے مرکزی بیورو کی جانب سے ایک نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب مروگن نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ اِس چوتھے کاشی تمل سنگمم میں مختلف نئے عنصر شامل کیے گئے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ باہمی رشتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کاشی تمل سنگمم کے آغاز پر نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ پر جناب مودی نے کہا کہ یہ متحرک تقریب، ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مستحکم کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے پروگرام کے دوران لوگوں کو کاشی میں ایک یادگار قیام کیلئے بھی نیک خواہشات پیش کیں۔ اِس تقریب میں تمل ناڈو سے 1400 سے زیادہ مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ اِس سال تقریب کا موضوع ہے: ’آئیے تمل سیکھیں: Tamil Karkalam
بھارتی ریلویز، چوتھے مرحلے کے کاشی تمل سنگمم میں بڑے پیمانے پر شرکت میں سہولت کیلئے کنیا کماری، چنئی، کوئمبٹور اور وارانسی کے مابین 7 خصوصی ریل گاڑیاں چلا رہا ہے۔ ریلوے کی وزارت نے بتایا کہ اِن ریل گاڑیوں سے بلا رکاوٹ سفر، آرام دہ، طویل فاصلہ جاتی رابطے اور کئی دن کے ثقافتی تال میل پروگرام میں شرکت کرنے والوں کیلئے بروقت پہنچنے کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ اس کے تحت، پہلی ٹرین پچھلے مہینے کی 29 تاریخ کو کنیا کماری سے روانہ ہوئی تھی۔ ایک اور خصوصی ٹرین آج چنئی سے روانہ ہوئی۔ اس کے نتیجے میں، کوئمبٹور سے ریل گاڑی کَل، چنئی سے اِس ماہ کی 6 تاریخ، کنیا کماری سے 7 دسمبر اور کوئمبٹور سے 9 دسمبر کو ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔ ایک اور ٹرین چنئی سے 12 دسمبر کو روانہ کی جائے گی۔
بنارس سے واپسی کی خصوصی ریل گاڑی اِس مہینے کی 5 تاریخ کو کنیا کماری تک چلائی جائے گی۔ چنئی واپس جانے والی ٹرین اس مہینے کی 7 تاریخ اور کوئمبٹور کو جانے والی ٹرین 9 تاریخ کو روانہ ہوگی۔
اس کے علاوہ واپس جانے والی ریل گاڑیاں چنئی کیلئے 11 دسمبر، کنیا کماری کیلئے 13 دسمبر، کوئمبٹور کیلئے 15 دسمبر اور چنئی کیلئے 17 دسمبر کو دستیاب ہوں گی۔ چوتھے مرحلے کا، کاشی تمل سنگمم، تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان تہذیبی رابطوں اور وقت کی قید سے باہر رشتوں کے جشن کی ایک پہل ہے۔ یہ تقریب اترپردیش کے شہر وارانسی میں منعقد کی جارہی ہے، جو اِس ماہ کی 15 تاریخ تک جاری رہے گی۔