پیر کو قومی راجدھانی میں کرتویہ پتھ پر 70 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ پریڈ میں ملک کی ثقافت کے منفرد امتزاج، اِس کی فوجی طاقت اور اِس کی شاندار وراثت کی نمائش کی جائے گی۔
کَل بارش کے دوران کرتویہ پتھ پر یومِ جمہوریہ کی پریڈ کی فُل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دلّی ذیلی ضلعے کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل نَوراج ڈھلوں نے کہا کہ اِس یومِ جمہوریہ کے موقعے پر بھارتی فوج، آپریشن سندور سے متعلق ایک جھانکی پیش کرے گی، جس میں ملک کی فتح اور آپریشن کے دوران فوج کی تینوں شاخوں کی کارکردگی کی ہم آہنگی کو نمایاں کیا جائے گا۔
ایئر کوموڈور منیش سبروال نے بتایا کہ آپریشن سندور سے متعلق جھانکی میں، ایس یو تیس کے ذریعے، ایک برہموز کو علامتی طور پر داغے جانے کا منظر پیش کیا جائے گا، جس نے پاکستان کے ایک ٹھکانے کو تباہ کیا تھا۔ اِس جھانکی میں ایس چارسو جیسے فضائی دفاعی آلات کی نمائش کی جائے گی، جس نے دنیا میں سب سے لمبی دوری پر، پاکستانی فضائیہ کے ٹھکانوں پر وار کیا تھا۔
دلّی میٹرو، کرتویہ پتھ پہنچنے میں آسانی کیلئے پیر کو سبھی لائنوں پر رات تین بجے اپنی خدمات شروع کر دے گی، تاکہ لوگ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا نظارہ کر سکیں۔×