پہلے مرحلے کے بہار اسمبلی انتخابات کیلئے چناؤ مہم عروج پر ہے۔ NDA اور مہا گٹھ بندھن کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے سینئر رہنما اپنے اپنے امیدواروں کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے لگاتار ریلیاں کر رہے ہیں۔BJP کے سرکردہ رہنما اور وزیراعظم نریندر مودی آج دو چناؤ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ اُن کی ایک ریلی بھوجپور میں جبکہ دوسری ریلی نوادہ ضلعے میں ہوگی۔ اِس کے علاوہ وزیراعظم پٹنہ میں ایک روڈ شو بھی کریں گے۔
دوسری طرف مہاگٹھ بندھن کی جانب سے کانگریس رہنما راہل گاندھی بیگوسرائے اور کھگڑیا ضلعوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق آج بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت چناؤ والے اسمبلی حلقوں میں کئی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی آج بھوجپور کے آرہ اور نوادہ ضلعے میں چناؤ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ جناب مودی آج شام ریاست کی راجدھانی پٹنہ میں دِنکر گولمبر سے گاندھی میدان تک ایک روڈ شو بھی کریں گے۔ وہ آشیرواد لینے کیلئے گرو گوبند سنگھ جی مہاراج کی جائے پیدائش تخت شری ہری مندر صاحب بھی جائیں گے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی بیگوسرائے اور کھگڑیا میں جلسہئ عام سے خطاب کریں گے۔ مہاگٹھ بندھن کے وزیراعلیٰ کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو آج نالندہ، شیخ پورہ، لکھی سرائے، مونگیر، بیگو سرائے، پٹنہ، ویشالی اور سارن سمیت مختلف ضلعوں میں کُل 17 ریلیاں کریں گے۔ دیگر پارٹیوں کی سرکردہ شخصیات اور سینئر رہنما بھی مختلف اسمبلی حلقوں میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
دوسری طرف پٹنہ ضلعے کے مُکاما حلقے میں چناؤ سے وابستہ تشدد کے واقعات میں کارروائیاں کرنے کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس نے جن سُراج پارٹی کے حامی ایک شخص کے قتل کے معاملے میں جنتا دل یونائیٹڈ کے امیدوار آنند سنگھ سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ کَل انتخابی کمیشن نے موکاما تشدد کے واقعے کے سلسلے میں پٹنہ کے دیہی سپریٹینڈنٹ آف پولیس کو برخاست کر دیا تھا۔ باڑھ کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر کو بھی معطل کردیا تھا۔ اِس کے علاوہ باڑھ کے سب ڈویژنل آفیسر SDO اور ایک اور SDPO کو بھی منتقل کردیا تھا۔