May 4, 2025 10:08 PM

printer

پہلی عالمی آڈیو ویژول اور تفریحی سربراہ کانفرنس WAVES-2025 اختتام پذیر ہوئی۔ WAVES بازار میں ایک ہزار 300 کروڑ روپے سے زیادہ کے کاروباری سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے

بھارت کی پہلی عالمی آڈیو ویژول اور تفریحی سربراہ کانفرنس WAVES-2025 آج ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں اختتام پذیر ہوئی۔ جمعرات کو شروع ہونے والی چار روزہ سربراہ کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ اس سربراہ کانفرنس میں 90 سے زیادہ ملکوں کے 10 ہزار سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی۔
سربراہ کانفرنس نے میڈیا اور تفریحی صنعت سے تعلق رکھنے والے روشن خیالات کے حامل کئی افراد اور بااثر شخصیات کو کامیابی کے ساتھ اکٹھا کیا۔ اس تقریب میں میڈیا اور تفریحی صنعت میں مصنوعی ذہانت، میڈیا کی عالمگیریت، مواد کی تخلیق کا مستقبل اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے گہرے اثرات جیسے اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر بات چیت کی گئی۔ WAVES بازار میں ملک بھر کے تخلیق کاروں اور فلمسازوں کے ساتھ ایک ہزار تین سو کروڑ روپے سے زیادہ کے کاروباری معاہدے کیے گئے۔ سربراہ کانفرنس کے دوران گلوبل میڈیا ڈائیلاگ میں77 ممالک کے نمائندوں کی طرف سے WAVES اعلانیہ اپنایا گیا۔ چار روزہ سربراہ کانفرنس کے دوران ثقافتی پروگراموں نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ اِن ثقافتی پروگراموں میں روایتی لوک رقص، مارشل آرٹس کی نمائش اور ڈھول کی شاندار پرفارمنس کے ذریعے بھارت کی وسیع فنکارانہ گونا گونیت کو اجاگر کیا گیا۔
اطلاعات ونشریات کی وزارت کے سکریٹری سنجے جاجو نے آج کہا کہ ہر وہ تخلیق کار جس نےWAVES سمٹ میں حصہ لیا وہ ایک ستارہ بن کر یہاں سے رخصت ہو رہا ہے۔ جناب سنجے جاجو نے یہ بات ممبئی میں WAVES سمٹ میں ایک ثقافتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب جاجو نے کہا کہ Create in India چیلنج CIC میں حصہ لینے والے موسیقاروں نے اپنی کارکردگی کے ذریعے بھارت کی روح اور جوہر کو پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ سرکار Create in India کے موسیقی کے تمام مقابلوں کے فاتحین کو مستقبل کے بین الاقوامی دورے اور پرفارمنس کیلئے لے کر جائے گی۔ انھوں نے مزید اجاگر کیا کہ WAVES نے ایک ایسے وقت میں اس طرح کی منفرد صلاحیتوں کا پتہ لگانے میں مدد کی ہے جب بھارت میں ایسے پیشہ ور بینڈ کی کمی ہے جو عالمی سطح پر بھارت کے جوہر کو ظاہر کرتے ہیں۔ آکاشوانی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے جناب جاجو نے کہا کہ WAVES سرمایہ کاری، کاروبار، آرٹ اور ثقافت کیلئے ایک ناقابل یقین مرحلہ رہا ہے جس نے خود کو عوامی تحریک کے طور پر قائم کیا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔