ملک کے کئی شمالی حصوں، خاص طور پر پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش میں پورے روایتی جوش وخروش کے ساتھ آج لوہڑی کا تہوار منایا جارہا ہے۔ یہ تہوار خوشی اور آپسی بھائی چارے سے منسوب ہونے کے ساتھ ساتھ فصل کے پکنے اور سورج کے شمال کی جانب سفر سے بھی وابستہ ہے۔ لوگوں نے اِس موقع پر اپنے کنبے کے افراد کے ساتھ بڑے الائو جلائے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
یہ تہوار آپسی پیار ومحبت اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ لوگ بڑے بڑے الائو کے اردگرد بیٹھ کر ایک دوسرے کو مونگ پھلیاں اور ریوڑیاں بانٹتے ہوئے ملک میں خوشحالی کی دعا کر رہے ہیں، خاص طور سے گائوں میں روایتی لوک گیتوں سے ماحول خوشگوار بنا ہوا ہے۔ یہ تہوار نئے شادی شدہ جوڑوں اور نوزائیدہ بچوں کیلئے بھی ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔ ریاست کے مختلف مقامات پر لوہڑی کے موقع پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پٹیالیہ میں بیٹیوں کی پیدائش پر ریاستی سطح پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ معاشرے کی مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ سردی کے درمیان یہ تہوار رشتوں کی گرماہٹ کا احساس کراتا ہے۔