پورے بھارت میں لوگوں نے نئے سال 2026 کا استقبال انتہائی جوش و خروش، دعائیہ محفلوں اور عوامی اجتماعات کے ساتھ کیا۔ ملک گیر سطح پر لوگوں نے نئے سال کا استقبال پُر امن امیدوں اور جشن کے ساتھ کیا، جبکہ پولیس اور ایجنسیاں امن و امان برقرار رکھنے اور پُر امن تقریب کو یقینی بنانے کیلئے چوکس رہیں۔
قومی راجدھانی دلّی کے کناٹ پلیس اور انڈیا گیٹ جیسے اہم مقامات پر جشن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں گھنے کہرے کے باوجود کثیر تعداد میں لوگ اکٹھا ہوئے۔ شہر میں سال 2020 کے بعد سے اس بار نئے سال کی سب سے سرد شام ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ گوا میں شاندار آتش بازی نے آسمان کو روشن کر دیا، جب مقامی لوگ اور سیاح مقبول پارٹی Hubs میں جمع ہوئے، ہوٹل اور ساحلی سمندروں پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ممبئی میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس سمیت تاریخی مقامات پر 2026 کا خیر مقدم کیا گیا۔
ہماچل پردیش کی پہاڑیوں میں دھرم شالہ میں نئے سال کا جشن منایا گیا، جبکہ جموں و کشمیر کے سونمرگ میں سیاحوں نے برف پوش مناظر کے دوران نئے سال کا جشن منایا۔
گوالیار، مدھیہ پردیش میں لوگوں نے آتش بازی اور بالی ووڈ کی موسیقی اور نغموں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا، جبکہ تلنگانہ، حیدرآباد میں لوگوں نے آتش بازی اور موسیقی کے ساتھ دیر رات گئے تک مختلف تقریبات کا اہتمام کیا۔ اسی طرح کرناٹک، بنگلورو میں عوام نے 2026 کا استقبال آتش بازی کے ساتھ کیا، وہاں سکیورٹی حکام نے ٹریفک کے نظام کو بحسن و خوبی یقینی بنایا۔ امرتسر میں جیسے ہی گھڑی نے 12 بجائے عقیدتمندوں نے شری ہر مندر صاحب میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔