پنجاب میں بھی پچھلے دو دن تک لگاتار بارش اور دریائوں میں طغیانی کے سبب، ریاست میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ دریائوں میں طغیانی کی وجہ سے فاضلکا، فیروزپور، کپورتھلہ، ہوشیارپور، گُرداس پور اور پٹھان کوٹ کے بہت سے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے، جس کے سبب معمول کی زندگی میں رُکاوٹ آگئی ہے اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔
فوج، BSF اور NDRF، گُرداس پور، پٹھان کوٹ، ہوشیارپور اور کپورتھلہ میں پانی میں ڈوبے ہوئے گائووں میں بچائو کا کام انجام دے رہی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگوں اور مویشیوں کیلئے شیلٹر ہوم قائم کئے گئے ہیں، جن میں طبی ٹیموں سمیت سبھی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ریاست میں بھاکھڑا، رنجیت ساگر ڈیم اور حسینی والا آبی ذخائر کو، کوئی نقصان نہ پہنچے، اِس کیلئے اِن ذخائر سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے سبب، سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات نے ریاست میں کَل کیلئے Yellow الرٹ جاری کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں سبھی اسکولوں کی 27 سے 30 اگست تک چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔