پنجاب میں، جیل کے دو سینئر افسروں اور دیگر 4 جیل اہلکاروں کو کل شام تلاشی کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران جیلوں کے اندر مجرمانہ سازش رچنے اور منشیات کا دھندا کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا ہے، جن افسروں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن میں ہوشیار پور سینٹر جیل کے سپرنٹنڈنٹ، دیگر 4 اہلکاروں کے علاوہ امرتسر جیل کا ایک وارڈن بھی شامل ہے۔ وہ دونوں جیلوں میں قیدیوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث پائے گئے تھے۔ اُن تین جیل قیدیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، جو پہلے سے ہی سزا بھُگت رہے ہیں۔
نارکوٹکس سے نمٹنے سے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ نیلبھ کشور نے بتایا کہ ہوشیار پور جیل کے اندر ایک منظم ڈھنگ سے منشیات کی اسمگلنگ کی انکوائری کے بعد ایک FIR درج کی گئی ہے۔
اس انکوائری میں انکشاف ہوا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں کچھ قیدی بھی ملوث تھے۔ جیل کے بدعنوان افسروں کو اِن کی مدد حاصل تھی۔
ایک علیحدہ کیس میں امرتسر جیل کے وارڈن کو قیدیوں کو منشیات اور دیگر نشہ آور چیزیں سپلائی کرنے کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ امرتسر جیل کے سپرنٹنڈنٹ ہیمنت شرما نے بتایا کہ حکام نے نشہ آور پاؤڈر، ٹیبلیٹس اور نقد 63 ہزار روپے امرتسر جیل وارڈن کے قبضے سے برآمد کیے ہیں۔×