July 28, 2025 2:37 PM

printer

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی اپوزیشن کے شور وغل کی وجہ سے دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی ہوگئی ہے

بہار میں ووٹر فہرستوں پر خصوصی نظرثانی مہم کو واپس لئے جانے سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن کے شوروغل کے تناظر میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی ہوگئی ہے۔

لوک سبھا کی کارروائی پہلے دن میں 12 بجے تک، پھر ایک بجے تک اور اس کے بعد دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اسی طرح راجیہ سبھا کی کارروائی پہلی مرتبہ دن میں 12 بجے تک اور پھر دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کی گئی۔

پہلی بار ملتوی ہونے کے بعد لوک سبھا کی کارروائی جب دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان نے مختلف معاملات پر پھر سے نعرے بازی شروع کردی۔

 لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ سوالوں کے وقفے کی کارروائی چلنے دیں، کیونکہ یہ اہم ہے اور اپوزیشن کو اس میں حصہ لینا چاہئے۔

ادھر راجیہ سبھا میں دن میں 12 بجے جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو صدر نشیں گھنشیام تیواری نے سوالوں کے وقفے کی کارروائی چلانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے کارروائی میں رکاوٹ پڑی۔