آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے شور وغل کے سبب بار بار ملتوی کی گئی، جو بہار میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی مہم پر بحث کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ لوک سبھا کی کارروائی دو مرتبہ اور راجیہ سبھا کی کارروائی تین مرتبہ ملتوی کی گئی، جس کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ دوسری مرتبہ ملتوی کئے جانے کے بعد جب سہ پہر چار بجے لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے امریکہ کی جانب سے جوابی محصول کے اعلان کے بارے میں ایوانِ زیریں میں اظہارِ خیال کیا۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ حکومت بھارتی اشیا پر امریکہ کے حالیہ 25 فیصد محصول کے اعلان کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک قومی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں سبھی اقدامات کرے گا۔
اس کے بعد شور شرابے کے درمیان اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا میں بھی اِسی طرح کی صورتحال رہی۔ ایوان کی کارروائی جب سہ پہر ساڑھے چار بجے دوبارہ شروع ہوئی تو کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے بھارتی اشیا پر امریکہ کے جوابی محصول کے اعلان کا ذکر کیا۔ شور وغل جاری رہنے کے سبب ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔