پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ مرحلہ 4 اپریل تک جاری رہے گا، جس کے دوران 20 نشستیں ہوں گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن آج منی پور کے لیے بجٹ پیش کریں گی۔ اِس ریاست میں، وزیر این برین سنگھ کی طرف سے، پچھلے مہینے استعفیٰ دیے جانے کے بعد سے صدر راج نافذ ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اجلاس کے دوران سال 2025-26 کے لیے مطالبات زر پر بحث اور ووٹنگ ہوگی اور اِس سے متعلق بِل پر بھی بحث مباحثہ کیا جائے گا۔
تفصیل ہماری نامہ نگار سے
V/C – Superna
اِس دوسرے مرحلے کے اجلاس کے دوران، خزانے سے متعلق کام کاج کے علاوہ بہت سے بِلوں پر بحث مباحثہ کیا جائے گا، جن میں بینکنگ قوانین کا ترمیمی بِل، ساحلی جہاز رانی بِل 2024، امیگریشن اور غیر ملکیوں سے متعلق بِل 2025 اور ریلویز کا ترمیمی بِل شامل ہے۔ پارلیمنٹ کا پہلے مرحلے کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے 13 فروری تک منعقد کیا گیا تھا۔ یہ اجلاس پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ نشست سے، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب سے شروع ہوا تھا اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے یکم فروری کو مرکزی بجٹ پیش کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ایوانوں میں صدر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک کا جواب دیا تھا۔ پہلے مرحلے کے دوران لوک سبھا میں 112 فیصد کام کاج کیا گیا تھا۔
وقف ترمیمی بِل 2024 پر مشترکہ کمیٹی کی رپورٹ بھی لوک سبھا میں پیش کی گئی تھی۔