March 9, 2025 9:47 PM

printer

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ، کل سے شروع ہو رہا ہے

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ کَل سے شروع ہوگا۔ چار اپریل تک جاری رہنے والے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں 20 نشستیں ہوں گی۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، کَل منی پور کیلئے بجٹ پیش کریں گی۔ پچھلے مہینے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ کے استعفے کے بعد سے منی پور میں صدر راج نافذ ہے۔ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے دوران، سال 2025-26 کیلئے مطالباتِ زر اور متعلقہ تصرفات بل پر بحث اور ووٹنگ کی جائے گی۔اجلاس کے دوسرے مرحلے میں مالیاتی کام کاج کے علاوہ بینکنگ قوانین ترمیمی بل، ساحلی جہازرانی بل 2024 امیگریشن اور غیر ملکیوں سے متعلق بل 2025 اور ریلوے ترمیمی بل غوروخوض اور منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 31 جنوری سے 13 فروری تک منعقد کیا گیا تھا۔ بجٹ اجلاس کا آغاز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب سے ہوا تھا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے یکم فروری کو مرکزی بجٹ پیش کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ایوانوں سے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کا جواب دیا تھا۔ اس دوران لوک سبھا میں وقف تر میمی بل 2024 سے متعلق مشترکہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی۔