July 23, 2025 10:10 PM

printer

پارلیمنٹ کی کارروائی میں مسلسل تیسرے دن بھی رخنہ اندازی کا ماحول رہا کیونکہ حزب اختلاف نے ایس آئی آر اور دیگر معاملات پر مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھا

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں آج مسلسل تیسرے دن بھی رخنہ اندازی رہی کیونکہ حزب اختلاف نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اپوزیشن پارٹیاں بہار میں انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظرِثانی اور دیگر معاملات پر بحث کا مطالبہ کررہی تھیں۔

لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی، دن بھر کیلئے ملتوی کرنے سے قبل، دو مرتبہ ملتوی کی گئی۔ لوک سبھا کی کارروائی دوسری مرتبہ ملتوی کئے جانے کے بعد، جب 2 بجے دوپہر دوبارہ شروع ہوئی تو کانگریس، DMK، سماج وادی پارٹی اور دیگر سمیت، اپوزیشن پارٹیاں ایوان کے وسط میں پہنچ گئیں۔ وہ اپنے مطالبات منوانے کیلئے نعرے لگا رہی تھیں۔

Presiding افسر نے یہ کہتے ہوئے ایوان کی کارروائی چلنے کیلئے احتجاجی ارکان پر زور دیا کہ ریاستِ گوا کے اسمبلی حلقوں میں درجِ فہرست قبائل کی نمائندگی کی از سرِ نو ترتیب کے بل 2024 سے متعلق آج ایک اہم بل پیش کیا جانا ہے۔ چونکہ شور شرابہ جاری رہا، اِس لئے چیئر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔

اِس سے قبل جب لوک سبھا کی کارروائی پہلی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد 12 بجے شروع ہوئی، تو اپوزیشن کے اراکین نے بہار میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی اور دیگر معاملات پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔

شور شرابے کے دوران، نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے وزیر منسکھ مانڈویا نے کھیل کود کے انتظامیہ کا قومی بل 2025 اور اینٹی ڈوپنگ کا قومی (ترمیمی) بل 2025 ایوان میں پیش کیا۔ Presiding افسر نے وقفہئ صفر کی کارروائی کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کے اراکین نے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔

Presiding افسر نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ذریعے اٹھائے گئے معاملات پر بحث کرنے کیلئے تیار ہے لیکن وہ ایوان کی کارروائی نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ اِسی شور شرابے کے دوران چیئر نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔

صبح میں جب ایوان کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی تو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے، مسلسل جاری رخنہ اندازی اور اپوزیشن کے ذریعے ایوان کے اندر Placards دکھانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

اِسی طرح کی صورتحال راجیہ سبھا میں بھی دیکھنے میں آئی۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ایوان میں شور شرابہ جاری رکھا اور بہار میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرِثانی پر بحث کا مطالبہ کیا۔

شور شرابے کے دوران بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال نے، سمندر کے راستے اشیاء کی نقل و حمل کے بل 2025، پر بحث کرنے اور اُسے منظور کرنے کیلئے پیش کیا لیکن اپوزیشن پارٹیوں کے شور شرابے کی وجہ سے اِس پر بحث نہیں ہوسکی۔ x