پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی، غیر معینہ مدّت کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس طرح 19 دن تک چلنے والا موسمِ سرما کا اجلاس آج ختم ہو گیا۔ پہلے لوک سبھا کا اجلاس غیر معینہ عرصے کیلئے ملتوی کیا گیا اور اس کے بعد راجیہ سبھا کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ ایوان میں کام کاج تقریباً 111 فیصد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کُل 15 نشستیں ہوئیں۔ انہوں نے ایوان کو خوش اسلوبی سے چلائے جانے میں تمام ممبروں کے تعاون کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے اختتامی خطاب میں راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ایوان میں تقریباً 92 گھنٹے کام کاج ہوا اور ایوان کی کارروائی تقریباً 121 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران 59 پرائیویٹ ممبرس Bills پیش کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوان میں قومی گیت ”وندے ماترم“ کی 150 ویں سالگرہ پر ایک خصوصی مباحثہ ہوا، جس میں 82 ارکان نے بحث میں حصہ لیا۔
راجیہ سبھا چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں چناؤ اصلاحات پر بھی بحث ہوئی، جس میں 57 ممبروں نے ملک کے جمہوری عمل کو مضبوط کرنے کے بارے میں اپنی قیمتی رائے اور معلومات کا اظہار کیا۔
جناب رادھا کرشنن نے حزب اختلاف کی جانب سے کل کے اجلاس کے دوران رخنہ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نعرے بازی کر کے، پلے کارڈز نمایاں کر کے، بحث و مباحثے میں وزیر موصوف کے جواب کے دوران خلل ڈالنے اور ایوان کے وسط میں کاغذات پھاڑنے اور اُنہیں پھینکنے سے پارلیمنٹ کے ممبروں کے ناشائستہ رویے کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ارکان مستقبل میں اس طرح کے نامناسب رویے کو نہیں دوہرائیں گے۔