December 1, 2025 2:47 PM

printer

پارلیمنٹ کا موسمِ سرما کا اجلاس آج سے شروع ہوگیا ہے۔ 19 دن کے اِس اجلاس میں 15 نشستیں ہوں گی۔

پارلیمنٹ کا موسمِ سرما کا اجلاس آج سے شروع ہوگیا ہے۔ 19 دن کے اِس اجلاس میں 15 نشستیں ہوں گی۔ آج اجلاس کے پہلے دن ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن کے شور و غل کے تناظر میں دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کی گئی ہے۔ پہلی بار ملتوی کئے جانے کے بعد دن میں 12 بجے جب لوک سبھا کی کارروائی پھر شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان نے پھر سے نعرے بازی شروع کردی۔ نعرے بازی کے دوران ہی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے تمباکو اور اِس سے وابستہ اشیاء پر ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے سے متعلق مرکزی ایکسائز ترمیمی بل 2025 پیش کیا۔ محترمہ سیتا رمن نے پان مسالحہ جیسی مخصوص اشیاء کی تیاری پر ذیلی محصول عائد کرنے کیلئے صحت کی سلامتی سے متعلق ذیلی محصول بل 2025 بھی پیش کیا۔

وزیرِ موصوف نے منی پور کے اشیاء اور خدمات ٹیکس ایکٹ 2017 میں ترمیم کیلئے منی پور GST دوسرا ترمیمی بل 2025 بھی پیش کیا۔ ایوان نے جَن وِشواس دفعات کے ترمیمی بل 2025 کے بارے میں چیدہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت کی حد موسمِ سرما کے اجلاس کے دوسرے ہفتے کے آخری دن تک بڑھا دی ہے۔ آج دن میں 11 بجے جب لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے دھرمیندر، کرنل ریٹائرڈ سونا رام چودھری، پروفیسر وجے کمار ملہوترا اور روی نائک کے انتقال پر تعزیتی پیغام اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایوان نے اُن کی یاد میں کچھ دیر کیلئے خاموشی اختیار کی۔

اِدھر راجیہ سبھا میں چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے پہلی بار ایوان کی کارروائی کی صدارت کی۔ اُن کا خیر مقدم کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جناب رادھا کرشنن کے ایک عام پس منظر سے نائب صدر کے عہدے تک پہنچنے سے ملک کی جمہوریت کی حقیقی طاقت کی عکاسی ہوتی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ارکان کیلئے اُن کا خیر مقدم کرنا ایک فخریہ لمحہ ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اُن کی رہنمائی میں ایوان مختلف معاملات پر بحث کرے گا اور آگے بڑھنے کیلئے اہم فیصلے کرے گا۔ اِدھر اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے چیئرمین کا خیر مقدم کرتے ہوئے، یہ اعتماد ظاہر کیا کہ جناب رادھا کرشنن غیر جانبدار رہیں گے اور اپوزیشن اور حکمراں اتحاد کے ارکان کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کریں گے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے بھی صدر نشیں کی ذمہ داری سنبھالنے پر جناب رادھا کرشنن کا خیر مقدم کیا۔ x