پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس 21 اگست تک جاری رہے گا اور اس میں کُل 21 نشستیں ہوں گی۔ آپریشن سِندور کے بعد پارلیمنٹ کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ اس اجلاس کے دوران اہم قانون سازی اور دیگر کام کاج کیے جائیں گے۔
حکومت نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلائے جانے کو یقینی بنانے کے لیے کل ایک کُل پارٹی میٹنگ بلائی تھی۔ اس میٹنگ کا مقصد اجلاس کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلائے جانے کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کا تعاون طلب کرنا تھا۔
لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں، مختلف سیاسی پارٹیوں کے ایوان کے رہنماؤں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت دونوں ایوانوں کے ضابطوں کے مطابق پارلیمنٹ میں کسی بھی اہم مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
جناب رجیجو نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں آپریشن سِندور جیسے اہم موضوعات پر بحث کرنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔ مختلف اپوزیشن پارٹیوں نے مانسون اجلاس کے دوران مختلف مسئلوں کو اٹھانے کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی طرف سے حکومت کو ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔×