August 1, 2025 3:19 PM

printer

پارلیمنٹ میں بہار کی چناؤ فہرست کے معاملے پر ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر بحث کرائی جائے۔ راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی ہے

راجیہ سبھا کی کارروائی مختلف معاملات پر اپوزیشن کی طرف سے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ پہلے یہ کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کی گئی تھی، لیکن بعد میں اپوزیشن ارکان نے مختلف معاملات پر نعرے بازی شروع کردی، جس میں انہوں نے بہار میں چناؤ فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد پریزائڈنگ افسر گھنشیام تیواری نے وقفہئ سوالات کی کارروائی چلانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کی طرف سے ہنگامے کے سبب کارروائی میں رکاوٹ آگئی۔ شور وغل جاری رہنے کی وجہ سے صدر نشیں نے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔
شور وغل کے دوران، الیکٹرانکس اور IT کے وزیر اشونی ویشنو نے ڈیجیٹل ذاتی اعداد وشمار کے تحفظ DPDP قانون 2023 پر عمل درآمد سے متعلق ایک سوال کا جواب دیا۔
اس سے پہلے ایوان کی کارروائی جب دن میں 11 بجے شروع ہوئی، تو نائب چیئرمین ہری ونش نے بتایا کہ انہیں مختلف معاملات پر، مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے کارروائی ملتوی کئے جانے کے بارے میں 30 نوٹس موصول ہوئے تھے۔ لیکن انہیں مسترد کردیا گیا۔
بہارمیں چناؤ فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی کے معاملے پر بحث کیلئے اپوزیشن کے مطالبے پر ہری وَنش نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر بحث کی اجازت نہیں دے سکتے، کیونکہ انتخابی کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور یہ معاملہ عدالت کے زیر غور ہے۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی جگہوں پر بیٹھ جائیں اور ایوان کی کارروائی چلنے دیں۔ چونکہ شور وغل جاری رہا، لہذا نائب چیئرمین نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔
لوک سبھا کی کارروائی بھی، مختلف معاملات پر اپوزیشن ارکان کی طرف سے نعرے بازی کے سبب دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔
جب دن میں ایوان کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی، تو اوم برلا نے وقفہئ سوالات کی کارروائی چلانے کی کوشش کی، لیکن اپوزیشن ارکان نے مختلف معاملات پر نعرے لگانے شروع کردیئے۔ ان معاملات میں بہار میں چناؤ فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی کا عمل واپس لینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ جناب برلا نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ وقفہئ سوالات کی کارروائی جاری رہنے دیں، کیونکہ یہ کارروائی کا ایک اہم جزو ہے اور اپوزیشن کو بھی اس میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وقفہ سوال، کارروائی کا ایک اہم جزو ہے کیونکہ اس سے جمہوریت کو استحکام حاصل ہوگا۔
اپوزیشن ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا، جس کی وجہ سے اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔