پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعطل ختم ہو گیا ہے اور دونوں فریقوں نے، قومی گیت ’وندے ماترم‘ نیز انتخابی اصلاحات پر بحث کرانے سے اتفاق کر لیا۔
دو دن تک شور و غُل اور رکاوٹوں کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کے رہنماؤں کے ساتھ کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ لوک سبھا میں 9 اور 10 دسمبر کو انتخابی اصلاحات پر 10 گھنٹے تک بحث کی جائے۔ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وندے ماترم کے 150 سال پورے ہونے کے موقعے پر 8 دسمبر کو دوپہر 12 بجے سے بحث مباحثہ شروع کیا جائے گا۔
امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، بھارت کے قومی گیت کے 150 سال پورے ہونے کے موقعے پر، خصوصی مباحثے کا آغاز کریں گے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا، جب اپوزیشن ارکان کی طرف سے بار بار نعرے لگائے جانے کے سبب، پارلیمنٹ کے کام کاج میں کئی بار رکاوٹ آئی۔ اپوزیشن ارکان، 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں، چناؤ فہرستوں کے خصوصی تفصیلی جائزے SIR پر، بحث مباحثے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے، میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کیلئے، انتخابی عمل انتہائی لازمی ہے۔ لہٰذا آخرِ کار، ہر شخص مباحثے کیلئے راضی ہو گیا۔