زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ ”وکست بھارت – جی رام جی“ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 51 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے تاکہ روزگار پیدا کرنے اور جامع دیہی ترقی کیلئے مناسب رقومات کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایک ویڈیو پیغام میں وزیرِ موصوف نے کہا کہ اب کارکنوں کو 100 دن کے بجائے 125 دن کے روزگار کی گارنٹی قانونی اعتبار سے مل گئی ہے۔ جناب چوہان نے کہا کہ ”ایم جی نریگا“ کے نام پر پھر سے ملک کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکیم ”ایم جی نریگا“ سے آگے بڑھ کر ایک ترقی پسند قدم ہے۔
وزیرِ موصوف نے کہا کہ کام نہ ہونے کی صورت میں بے روزگاری بھتے کے بندوبست کو بھی مزید مستحکم بنایا گیا ہے۔ جناب شیو راج سنگھ چوہان نے، اِس بات کو اجاگر کیا کہ مذکورہ اسکیم میں پانی کی بچت، دیہی بنیادی ڈھانچے کے کام، روزی روٹی کی سرگرمیوں اور قدرتی آفات کی روک تھام کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ ترقی یافتہ، خود کفیل اور ایسے گاؤوں بنائے جائیں، جہاں غربت نہ ہو اور روزگار میسر ہو۔