وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور وندے ماترم کی روح اِسے مضبوطی فراہم کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وندے ماترم ایک گیت نہیں بلکہ حوصلے کا ایک وسیلہ ہے، جو عوام کو اپنے فرائض کے تئیں بیدار کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وندے ماترم، ملک کی تحریک ہے کیونکہ عوام ایک آتم نربھر بھارت کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بات آج لوک سبھا میں قومی گیت، وندے ماترم کے 150 سال پورے ہونے پر ایک مباحثے کے دوران کہی۔ Bankimchandra Chatterji نے 1875 میں قومی گیت لکھا تھا۔
بحث کی شروعات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ وندے ماترم کے منتر نے پورے ملک کو ایک طاقت اور تحریک دی اور آزادی کی تحریک کو جوش سے بھر دیا۔
جناب مودی نے کہا کہ آج وندے ماترم کو یاد کرنا، اِس ایوان کے ممبروں اور ملک کے عوام کیلئے ایک اہم لمحہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وندے ماترم، آزادی کی جدوجہد میں بھی ایک تحریک کے طور پر کام کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وندے ماترم، ایک ایسی طاقت ہے جو لوگوں کو مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ترغیب دیتی ہے۔جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ مسلم لیگ کی سیاست نے 1937 میں وندے ماترم کی مخالفت کی۔ انھوں نے وندے ماترم پر کانگریس کے نقطہ نظر کی بھی نکتہ چینی کی۔ انھوں نے الزام لگایا کہ کانگریس قومی گیت کے معاملے پر مسلم لیگ کے سامنے جھک گئی۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ محمد علی جناح نے وندے ماترم کے خلاف نعرہ بلند کیا اور اُس وقت کے کانگریس صدر جواہر لال نہرو نے جناح کی مذمت کرنے کے بجائے وندے ماترم کی تفتیش شروع کردی۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وندے ماترم، ملک کے ماضی، حال اور مستقبل کا ایک حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی گیت نے برطانوی حکمرانوں کے خلاف لڑائی میں مجاہدین آزادی کو استحکام فراہم کیا۔
بحث میں شرکت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ وندے ماترم، ملک کی روح ہے اور سبھی بھارتی اِسے گاتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔
دوسرے پارٹی لیڈر گورو گگوئی نے کہا کہ بنگال کے کئی قلمکاروں اور شاعروں نے ایسے نغمے لکھے جس نے آزادی کی تحریک میں عوام کی حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں اِسے ایک سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔
سماجوادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو نے کہا کہ وندے ماترم نے عوام کو متحد کیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وندے ماترم کا مقصد فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرنا ہے۔