وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے آزمودہ کار سپاہی قومی شعور کے جیتے جاگتے ستون، اجتماعی دلیری کی علامت اور مستقبل کی نسلوں کیلئے باعث ترغیب ہیں۔ نئی دلّی میں مسلح افواج کے سابق فوجیوں کے دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آزمودہ کار سپاہیوں نے ملک کی تعمیر کے ہر محاذ پر اہم رول ادا کیا ہے اور وہ ڈسپلن، قیادت اور شجاعت جیسی اپنی خصوصیات کے ساتھ معاشرے کی رہنمائی کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ آزمودہ کار فوجیوں کی وردی کا رنگ اور کام کرنے کا مقام تو بدل سکتا ہے، لیکن اُن کے دل میں حب الوطنی اور خدمت کا احساس اُسی طرح برقرار رہے گا۔
جناب سنگھ نے سابق فوجیوں سے کہا کہ وہ اپنے تجربات سے نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور اگنی ویروں اور نوجوان فوجی اہلکاروں کو صحیح سمت دکھائیں۔ انھوں نے اُن پر اس بات کیلئے بھی زور دیا کہ وہ ہنگامی صورتحال میں جب ضرورت ہو تو سول انتظامیہ کے ساتھ شانہ بہ شانہ رہیں۔ وزیر دفاع نے تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور قدرتی آفات کے بندوبست کے سلسلے میں آزمودہ کار فوجیوں کی شمولیت کا ذکر کیا جو آئندہ نسلوں پر ایک مثبت اور دیرپا اثر چھوڑ سکتی ہے۔