وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ یہ بھارت کی سیاسی، سماجی اور کلیدی قوتِ ارادی کی علامت ہے۔ وہ آج لکھنؤ میں برہموس ایرو اسپیس جانچ مرکز کا ورچوئل وسیلے سے افتتاح کرنے کے موقع پر اظہارِ خیال کررہے تھے۔ جناب سنگھ نے کہا کہ اِس کارروائی سے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی مضبوط قوتِ ارادی اور فوجی قوت کی صلاحیت اور پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت دہشت گردی کے خلاف کوئی کارروائی کرتا ہے، دہشت گردوں اور اُن کے آقاؤں کیلئے سرحد پار کا علاقہ بھی محفوظ نہیں رہتا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی فورسز نے پاکستان میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تہس نہس کرنے کے مقصد سے آپریشن سندور شروع کیا تھا اور عام شہریوں کو کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا۔ دوسری طرف پاکستان نے نہ صرف بھارت کے سویلین علاقوں کو نشانہ بنایا بلکہ مندروں، گردواروں اور گرجا گھروں پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ برہموس جانچ مرکز کے شروع ہوجانے سے بھارت کی دفاعی طاقت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ برہموس دنیا کا سب سے تیزرفتار سُپر سونک کروز میزائل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ اپنے آپ میں ایک پیغام بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی مسلح افواج کی قوت کا پیغام ہے، دشمن کی سمت مزاحم کا پیغام ہے اور سرحدوں کی نگہبانی کرنے کے عہد کا پیغام ہے۔ وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت آج دنیا کے سب سے طاقتور ملکوں میں سے ایک ہے۔x