وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور محض ایک آپریشن کا نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک عزم اور نصب العین ہے، جس کے ذریعے بھارت نے یہ دکھایا ہے کہ وہ نہ صرف ملک کا دفاع کرسکتا ہے، بلکہ وقت آنے پر سخت فیصلے بھی کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے یہ بات آج صبح سری نگر میں فوج کی پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن سندور ایک ایسا خواب تھا، جس کو ہر فوجی نے دیکھا تھا اور انہوں نے وادی میں یا بنکروں میں چھپے ہوئے ہر دہشت گرد کو وہاں جاکر نشانہ بنایا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرکے ہی وہ واپس آئے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چیلنج سے بھرے ہوئے اِن حالات میں مجھے فوجیوں پر انتہائی فخر ہے۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی شاندار قیادت اور رہنمائی میں فوجیوں نے آپریشن سندور سے، جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، اُس نے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اس سے پہلے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ7 مئی کو شروع کئے گئے آپریشن سندور کے بعد کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے سری نگر پہنچے تھے۔ انہوں نے فوجی عملے سے بات چیت کی اور پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کی کامیابی کیلئے انہیں مبارکباد دی۔ x