مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ منشیات اور انسانوں کی ناجائز تجارت، سائبر کرائم اور منظم جرائم کے خلاف ریاستوں کی جنگ میں، حکومت ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ چند سال پہلے امن وقانون کے معاملے میں ملک کو تین بڑے چیلنجوں کا سامنا تھا۔ یہ بائیں بازو کی انتہا پسندی، جموں وکشمیر میں دہشت گردی اور شمال مشرق میں مسلح گروپوں کی شکل میں تھے۔ پنچ کولہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تشکیل کے دس سال بعد، اب اِن تینوں علاقوں میں امن ہے اور ملک اِن تمام تینوں محاذوں پر اب محفوظ ہے۔
جناب شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے زراعت اور دیہی ترقی کو مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔ آج پنچ کولہ میں Kribhco کے ذریعے منعقدہ میگا کوآپریٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زرعی بجٹ کو حالیہ برسوں میں بڑھا کر ایک لاکھ 27 ہزار کروڑ روپئے کر دیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے، وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی کے ساتھ آج پنچ کولہ کے تائو دیوی لال اسپورٹس کمپلیکس میں، ہریانہ پولیس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔
سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو اُن کی 101ویں سالگرہ کے موقع پر یاد کرتے ہوئے انھوں نے واضح کیا کہ بھارت اُن کے دورِ اقتدار کے دوران ہی نیوکلیائی پاور بنا تھا۔ بعد میں جناب امت شاہ نے پنچ کولہ کے اٹل پارک میں مرحوم لیڈر کے ایک مجسّمے کی نقاب کشائی بھی کی۔