مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ دلّی دھماکہ واقعے میں ملوث ہر کسی کو جانچ ایجنسیوں کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ قومی راجدھانی میں لال قلعے کے نزدیک پیر کی شام ہوئے کار دھماکے کے بعد وزیر داخلہ نے کل نئی دلّی میں سینئر افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی۔ اس دوران انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دلّی دھماکہ واقعے میں شامل ہر کسی کو ڈھونڈ نکالیں۔
اس دوران وزارتِ داخلہ نے واقعے کی تحقیقات قومی جانچ ایجنسی NIA کے سپرد کر دی۔ دلّی پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون، UAPA، دھماکہ خیز مواد سے متعلق قانون اور بھارتیہ نیائے سنہیتا کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔
اس دوران دلّی میٹرو ریل کارپوریشن DMRC نے اطلاع دی ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر لال قلعہ میٹرو اسٹیشن بند رہے گا۔ DMRC نے بتایا کہ دوسرے سبھی اسٹیشن معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ وہیں لال قلعہ، کل تک سیاحوں کے لیے بند رہے گا۔×