مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اگلا ایک سال، سرحدی حفاظتی فورس BSF کو جدید بنانے اور اِس کے عملے کی فلاح و بہبود کے لیے ہوگا۔
گجرات کے شہر بُھج میں BSF کے یومِ تاسیس کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اُن کی وزارت نے BSF کو، دنیا میں جدید ترین اور جارحانہ فوج بنانے کیلئے پانچ سال کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انھوں نے خاص طور پر کہا کہ e-border سیکیورٹی کے، جو حکومت کا ایک بڑا قدم ہے، نئے تصور پر عمل درآمد میں، BSF کا اہم رول ہے۔
BSFکی حصولیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ فوج نے منشیات کی ناجائز تیاری کی روک تھام کے مقصد سے مختلف کارروائیوں میں 12 لاکھ 95 ہزار کروڑ روپے مالیت کی نشیلی اشیا ضبط کی ہیں۔
شورش پسندی کے مقابلے کے سلسلے میں وزیر موصوف نے BSF کے کام کی تعریف کی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملک، 31 مارچ 2026 تک نکسل ازم سے پاک ہوجائے گا۔ انھوں نے خاص طور پر کہا کہ چنڈی گڑھ میں BSF کی کارروائی کی وجہ سے 117 ماؤنوازوں نے ہتھیار ڈالے، 73 کو گرفتار اور 22 کو ہلاک کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے قومی سلامتی اور جمہوریت کے سلسلے میں ایک مضبوط بیان دیا ہے جس میں انھوں نے زور دے کر کہا کہ سیاسی قیادت کے سلسلے میں کوئی فیصلہ بھارت کے شہریوں پر ہی منحصر ہے۔