مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ دریائے سندھ کے پانی سے متعلق معاہدے کو کبھی بحال نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ایک نہر تعمیر کرے گی تاکہ پاکستان کی جانب جانے والے اضافی پانی کو راجستھان کی طرف بھیجا جاسکے۔ ایک انگریزی روزنامے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قطعی برداشت نہ کرنے کی حکومت کی پالیسی برقرار ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹ رہی ہے، خواہ وہ کشمیر میں ہوں، نکسلی علاقوں میں یا شمال مشرق میں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف محفوظ اور بہترین بلکہ دنیا میں سرمایہ کاری کیلئے واحد مقام ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ بھارت، شفاف پالیسیوں اور صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ کے ساتھ ایک جمہوری ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2014 سے اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کی ہے کہ ترقی کے فوائد ملک بھر میں سب تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، ایک عالمی اقتصادی پاور ہاؤس بننے کی طرف گامزن ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی بینکنگ سیکٹر کی اصلاحات اور غریبوں کو مالیاتی طور پر شریک کرنا، دنیا کیلئے ایک ایسا نمونہ ہے، جس کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔
Site Admin | June 21, 2025 9:50 PM
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ دریائے سندھ سے متعلق سمجھوتے کو کبھی بحال نہیں کرے گا