وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی حکومت نے گزشتہ دس برسوں میں سیاسی عزم اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ملک کی سلامتی کو مستحکم کیا ہے۔ راجیہ سبھا میں وزارت داخلہ کے کام کاج کے بارے میں بحث کا جواب دیتے ہوئے جناب شاہ نے اجاگر کیا کہ NDA سرکار کی دہشت گردی کو بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی ہے۔
جناب شاہ نے کہا کہ NDA حکومت کے دوران جموں و کشمیر میں دہشت گردی سے ہونے والی اموات میں70فیصد کمی آئی ہے جبکہ دہشت گردی کے واقعات بھی تیزی سے کم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ماضی میں تین بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے اس کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ یہ تین چیلنجز، جموں و کشمیر میں دہشت گردی، بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق میں شورش ہیں۔جناب شاہ نے کہا کہ حکومت نے ان تمام چیلنجوں سے مضبوطی کے ساتھ نمٹنے کا کام کیا ہے۔وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ اگلے سال مارچ تک بھارت سے نکسلزم کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نکسل سے متاثرہ علاقوں میں سڑک رابطہ اور انٹرنیٹ کی رسائی کو بہتر بنایا گیا ہے، نیز اِن علاقوں میں نئے بینک اور ATM کھولے گئے ہیں۔
اس سے قبل بحث میں حصہ لیتے ہوئے BJP کے ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر سے دفعہ370 کو ختم کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں سیکولر بنانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے منی پور کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے حساسیت کے ساتھ کام کیا ہے۔ کانگریس MP اجے ماکن نے کہا کہ دلّی میں خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کے خلاف جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ DMK ایم شانموگم نے سیکورٹی اہلکاروں کے کام کے طویل اوقات اور مرکزی مسلح پولیس ورسز میں میں خالی عہدوں کا مسئلہ اٹھایا۔ عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے ملک بھر میں بڑھتے جرائم پر حکومت سے سوال کیا۔ وزیر داخلہ کے جواب کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
Site Admin | March 21, 2025 9:48 PM
وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں کہا کہ NDA حکومت نے گزشتہ دہائی کے دوران سیاسی عزم اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ملک کی سلامتی کو مستحکم کیا ہے