وزیر داخلہ امت شاہ نے آج انتخابی کمیشن کی موجودہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR مہم کو شفاف ووٹر فہرست تیار کرنے کا عمل قرار دیا۔ انہوں نے اُن سیاسی پارٹیوں کو خبردار کیا جو اس عمل کی مخالفت کر رہی ہیں اور غیر قانونی دراندازوں کی حمایت کرتی ہیں۔
گجرات کے بھُج میں سرحدی سکیورٹی فورس BSF کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ملک سے ہر درانداز کو بے دخل کرنے کے حکومت کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے SIR کا بھرپور ساتھ دیں۔
جناب شاہ نے بین الاقوامی سرحدوں کی حفاظت، دراندازی کی روک تھام، نکسلزم کا مقابلہ کرنے اور منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانے میں BSF کے اہم رول کی بھی ستائش کی۔انہوں نے BSF کو دنیا کی سب سے جدید اور جارح فورس بنانے کیلئے پانچ سالہ ہدف کا اعلان کیا۔