مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سکیورٹی ایجنسیوں کو دلّی دھماکے کی سازش رچنے والے ہر ایک قصووار کا پتہ لگانے کی ہدایات دی ہیں۔ کَل شام قومی راجدھانی میں لال قلعے کے نزدیک ایک کار بم دھماکے کے پیش نظر نئی دلّی میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سینئر عہدیداران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ دلّی دھماکے میں ملوث ہر ایک شخص، تحقیقاتی ایجنسیوں کے شکنجے سے بچ نہیں پائے گا۔ اس میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، انٹلیجنس بیورو کے ڈائریکٹ، دلّی پولیس کمشنر اور قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے ورچوئل وسیلے سے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ اِس دوران، وزارت داخلہ نے اِس واقعے کی تحقیقات، قومی تحقیقاتی ایجنسی کے سپرد کردی ہے۔ حکام، دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے اور لوگوں کی سلامتی اور حالات کو معمول پر لانے کو یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں لہٰذا شہر میں سخت چوکسی برتی جارہی ہے۔ دلّی پولیس نے غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون UAPA، دھماکہ خیز مادوں کے قانون اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت ایک معاملہ درج کیا ہے۔ دلّی میٹرو ریل کارپوریشن نے مطلع کیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے سبب لال قلعہ میٹرو اسٹیشن بند رہے گا۔ اُس نے کہا کہ دیگر اسٹیشن معمول کے مطابق کام کریں گے۔ لال قلعہ بھی جمعرات تک سیاحوں کیلئے بند رہے گا۔
Site Admin | November 11, 2025 9:49 PM
وزیر داخلہ امت شاہ نے ایجنسیوں کو لال قلعے دھماکے میں ملوث ہر ایک شخص کا پتہ لگانے کی ہدایات دی ہیں۔ اِس معاملے کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی کے سپرد کردی گئی ہے