وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ بھارت، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور بلا رکاوٹ سپلائی سلسلے کو یقینی بنانے کی غرض سے، امریکہ کے ساتھ ایک بہتر تجارتی سمجھوتے کا منتظر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محصولات سے متعلق، بڑھتے ہوئے عالمی تنازعے کے درمیان بھارت کو چابکدستی سے قدم اٹھانا ہوگا تاکہ زیادہ امریکی محصولات کا سامنا کرنے والے ملکوں کے مال کھپانے کی کارروائی سے خود کو محفوظ رکھا جاسکے۔
محترمہ سیتارمن نے کہا کہ ساتھ ہی ساتھ بھارت گھریلو صنعتوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا، جن کا انحصار قابلِ استطاعت درآمدات پر ہے۔ وہ کل ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب میں اظہارِ خیال کر رہی تھیں۔
بھارت اور امریکہ ایک دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس کا مقصد 2030 تک تجارت کو دوگنا یعنی 500 ارب ڈالر کرنا ہے۔ ایک ہفتے طویل دورے کے بعد کامرس کے وزیر پیوش گوئل اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ تجارت سے متعلق بات چیت کرنے کے بعد کل واشنگٹن سے لوٹے ہیں۔x