وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کا وژن، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان شراکت داری کے فروغ میں رہنمائی کرے گا۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں بھارت کی نمائندگی کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ایک تعزیتی پیغام بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے لیڈر طارق رحمان کو سونپا۔ جناب رحمان کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران، ڈاکٹر جے شنکر نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ خالدہ ضیاء کا وژن اور اقدار، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے میں رہنمائی کریں گے۔

جناب رحمان فی الحال بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے کارگزار چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ خالدہ ضیاء کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔ خالدہ ضیاء کا طویل علالت کے بعد، منگل کو ڈھاکہ میں انتقال ہوگیا تھا۔

اپنے پیغام میں جناب مودی نے جون 2015 میں ڈھاکہ کے اپنے دورے کے دوران خالدہ ضیاء کے ساتھ اپنی پُرجوش میٹنگ اور بات چیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک غیر معمولی اور پُرعزم لیڈر تھیں۔ جناب مودی نے کہا کہ خالدہ ضیاء نے بنگلہ دیش کی ترقی میں اہم خدمات انجام دیں، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بھارت-بنگلہ دیش تعلقات کو مستحکم کرنے میں بھی اہم رول نبھایا۔ جناب مودی نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ خالدہ ضیاء کے نظریات کو اب جناب رحمان آگے لے کر جائیں گے اور نئی شروعات کو یقینی بنانے کیلئے ایک مشعل راہ کے طور خدمات انجام دیتے رہیں گے اور بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے اور تاریخی شراکت داری کو اور زیادہ وسعت دیں گے۔×