وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے آج نئی دلّی میں جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب Cho Hyun سے باہمی بات چیت کی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو آگے بڑھانے کے مقصد سے مفید تبادلۂ خیال کیا۔ اِن شعبوں میں تجارت، مینوفیکچرنگ، بحری اور عوام سے عوام کے رابطے شامل ہیں۔
ڈاکٹر جئے شنکر نے بتایا کہ انھوں نے آرٹیفیشل انٹلیجنس، سیمی کنڈکٹرس، ماحولیات کیلئے سازگار توانائی اور دفاع سمیت ابھرتے ہوئے شعبوں میں نئے مواقع بھی تلاش کئے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے بھارت-بحرالکاہل خطے اور موجودہ عالمی حالات وواقعات پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
میٹنگ کے دوران ڈاکٹر جئے شنکر نے دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی کلیدی ساجھے داری کو 10 سال مکمل ہونے کے تناظر میں مختلف امور پر اتفاق رائے بڑھنے اور رابطوں میں توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ادھر جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ Cho Hyun نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر اُن کے ملک کا موقف بہت سخت اور پختہ ہے۔ وہ آج نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ پہلگام میں دہشت گردوں کے حملے کے بارے میں جناب Hyun نے کہا کہ جمہوریۂ کوریا کسی بھی دہشت گردانہ حملے کے سخت خلاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریۂ کوریا، بھارت سرکار اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔