وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا سمجھوتہ اس سال کے آخر تک عملی شکل اختیار کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یوروپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اوّلین ترجیح دیتا ہے، جس میں آزاد تجارت سے متعلق سمجھوتے کے مذاکرات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور اس میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔
برسلز میں جرمن مارشل فنڈ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے یہ اعتماد ظاہر کیا کہ اس ہفتے یوروپی یونین کے عہدیداروں کے ساتھ اُن کی جو تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، اُسے دیکھتے ہوئے بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا سمجھوتہ مکمل ہونے کے لیے ختمِ سال کی جو مدّت طے کی گئی ہے، وہ قابلِ عمل نظر آتی ہے۔