وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات پیچیدہ مرحلے میں ہیں اور اس سلسلے میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ جناب ایس جے شنکر نے یہ بات ڈونالڈ ٹرمپ کے اُس بیان کے بعد کہی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے امریکی اشیاء پر سبھی محصول ہٹانے کی پیشکش کی ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، جناب ایس جے شنکر نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ہونے چاہئیں۔ اِس سے قبل امریکہ کے صدر نے کہا تھا کہ بظاہر مثبت پیشرفت کے باوجود تجارتی سمجھوتے کو آخری شکل دینے میں انہیں کوئی جلدی نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر کسی ملک کے ساتھ معاہدے کرنے کا منصوبہ نہیں بنارہے ہیں۔