وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دلّی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس NDA کے وزراء اعلیٰ اور نائب وزراء اعلیٰ کے ایک روزہ کنکلیو کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران، وزیراعظم نے ترقیاتی پروجیکٹوں کو رفتار بخشنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ڈبل انجن سرکار کے فوائد موثر طریقے سے عوام الناس تک پہنچیں۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انھوں نے کلیدی شعبوں میں مضبوط تر طریقۂ کار وضع کرنے کے بارے میں بھی بات کی، چاہے وہ صفائی ستھرائی ہو، گندے پانی کی نکاسی ہو، صحت دیکھ بھال، نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہو، زراعت ہو، ٹیکنالوجی اور اِس کے علاوہ دیگر ہوں۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے مختلف معاملات پر وسیع تبادلۂ خیال کیا نیز مختلف ریاستوں نے متنوع شعبے میں اپنے بہترین عوامل کی نمائش کی۔
ان شعبوں میں آبی تحفظ، شکایتوں کا ازالہ، انتظامی لائحۂ عمل کو مستحکم کرنا، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانا، کھیل کود اور اِس کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔BJP کے اچھی حکمرانی کے محکمے کے ذریعے منعقدہ اِس میٹنگ میں اچھی حکمرانی کے معاملات پر توجہ مرکوز رہی۔BJP کے صدر جگت پرکاش نڈّا، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے بھی تبادلۂ خیال میں شرکت کی۔ NDA کی قیادت والی تمام 20 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 20 وزراء اعلیٰ اور 18 نائب وزراء اعلیٰ نے اچھی حکمرانی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے بعد، اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے BJP کے صدر جگت پرکاش نڈّا نے کہا کہ اس کنکلیو کے دوران، دو قراردادوں کو منظوری دی گئی جن میں سے پہلی قرارداد کا تعلق آپریشن سندور اور دوسری کا تعلق ذات کی مردم شماری کرانے سے متعلق حکومت کے فیصلے سے تھا۔
جناب نڈّا نے کہا کہ آپریشن سندور سے متعلق قرارداد میں لیڈروں نے، پاکستان میں دہشت گردی کے مراکز کو نشانہ بنانے میں بھارتی مسلح افواج کی بہادری اور شجاعت کی ستائش کی۔ جناب نڈّا نے مزید کہا کہ BJP یہ واضح کرنا چاہتی تھی کہ وہ ذات پات کی سیاست نہیں کرتی ہے کیونکہ پسماندہ کو اصل دھارے میں شامل کرنا معاشرے کی ایک لازمی ضرورت ہے۔اس کنکلیو میں لیڈروں نے NDA کی مختلف ریاستی سرکاروں کے بہترین کام کاج پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، جنھوں نے آج نئی دلّی میں NDA وزراء اعلیٰ کے کنکلیو میں شرکت کی، کہا ہے کہ عوام پر مرکوز اقدامات کے ساتھ NDA آج ترقی اور فلاح وبہبود کا مترادف بن گئی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب شاہ نے کہا کہ کنکلیو میں وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت والی قیادت میں حاشیے پر رہنے والے لوگوں میں سے مزید لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے اور حکمرانی کے ماڈل کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ اصلاح شدہ فوجداری قوانین کے تحت شہریوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ NDA اپنے عہد کے تحت کسی کو بھی ترقی کے دائرے سے باہر نہیں چھوڑنا چاہتی۔
Site Admin | May 25, 2025 9:37 PM
وزیر اعظم نے NDA کے وزراء اعلیٰ اور نائب وزراء اعلیٰ کی نئی دلّی میں میٹنگ کی صدارت کی۔ انھوں نے ترقیاتی پروجیکٹوں کو رفتار بخشنے پر زور دیا