وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کمانڈروں کی مشترکہ کانفرنس کے دوران دفاعی افواج کی کارروائی جاتی تیاری میں اضافے کو اجاگر کیا۔ وزیرِ اعظم نے آج مغربی بنگال کے کولکاتہ میں اِس تین روزہ تقریب کا افتتاح کیا۔ اس دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نے آپریشن سندور کے دوران مسلح افواج کے غیرمعمولی رول اور ملک کی تعمیر میں اُن کے اہم کردار کی ستائش کی۔ سال 2025 کے دفاعی شعبے میں اصلاحات کے سال کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیرِ اعظم مودی نے مستقبل کے چیلنجوں اور کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر وزارتِ دفاع کو وسیع تر اشتراک، آتم نربھرتا اور جدت طرازی کو اپنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کو آپریشن سندور کے تناظر میں مستقبل کے جنگی حربوں میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور طریقۂ کار کو اپنانے کے دفاعی افواج کے نئے معمول سے آگاہ کیا گیا اور کارروائی جاتی تیاری سے واقف کرایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے گذشتہ دو سال کے دوران اصلاحات کے نفاذ کا جائزہ لیا اور اگلے دو سال کے منصوبے سے بھی واقفیت حاصل کی۔ اِس موقع پر وزیرِ اعظم نے بھارتی مسلح افواج کے ویژن 2047 دستاویز کی نقاب کشائی کی، جو مستقبل کیلئے تیار مسلح افواج سے متعلق ایک روڈ میپ ہے۔ اِس دوران وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور دفاعی عملے کے سربراہ جنرل انل چوہان بھی موجود تھے۔
دو سال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والی مسلح افواج کے کمانڈروں کی یہ اعلیٰ ترین چوٹی کانفرنس، ملک کی چوٹی کی شہری اور فوجی قیادت کو یکجا کرتی ہے تاکہ بھارت کی مستقبل کی فوجی تیاری سے متعلق تبادلۂ خیال کی راہ ہموار ہوسکے۔ اِس سال کانفرنس کا موضوع ہے، ’’اصلاحات کا سال-مستقبل کی تیاری‘‘، جو کہ جاری جدت طرازی اور مسلح افواج میں تبدیلی کے عین مطابق ہے۔ اگلے دو دن کے دوران اِس کانفرنس میں بڑھتی عالمی غیریقینی صورتحال کے پس منظر میں مختلف بنیادی ڈھانچے، انتظامی اور کارروائی جاتی امور پر حاصل ردّ عمل کے تناظر میں مسلح افواج کی تیاری کا جائزہ لیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ، وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ویژن کے نفاذ سے متعلق روڈ میپ تیار کرنے پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔
Site Admin | September 15, 2025 9:57 PM
وزیر اعظم نے کولکتہ میں کمبائنڈ کمانڈر کانفرنس کے دوران مسلح افواج کی بڑے پیمانے پر کارروائی جاتی تیاری پر زور دیا ہے