وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار منی پور میں امن واستحکام کو یقینی بنانے کی خاطر لگاتار کام کر رہی ہے۔ جناب مودی نے آج بے گھر ہونے والے اُن افراد سے ملاقات کی جنھوں نے امپھال کے ضلعوں میں مختلف راحت کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
وزیر اعظم نے ایک ہزار 200 کروڑ روپئے مالیت کے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا۔ اِن میں نیا سول سکریٹیریٹ، نیا پولیس ہیڈ کوارٹرس، منی پور بھون، IT کے خصوصی اقتصادی زون کی عمارت، خواتین کے مارکیٹ، سڑک پروجیکٹ، ہاسٹل، Eklavya ماڈل ریزیڈنشل اسکول اور بنیادی ڈھانچے کے دیگر ترقیاتی پروجیکٹ شامل ہیں۔
امپھال کے تاریخی Kangla Fort میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جانا چاہئے اور جن لوگوں کو راحت کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، وہ اِس قابل ہونے چاہئیں کہ وہ پھر سے معمول کی زندگی گزار سکیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ریاست میں مختلف طبقوں کے درمیان تشدد کی وجہ سے بے گھر ہونے والے کنبوں کیلئے 7 ہزار نئے مکانوں کی منظوری دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی سرکار نے حال ہی میں منی پور کیلئے تقریباً تین ہزار کروڑ روپئے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے خاص طور پر500 کروڑ روپئے سے زیادہ مختص کئے گئے ہیں۔وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ تشدد سے متاثرہ افراد کو پھر سے معمول کی زندگی گزارنے میں مدد کرنا NDA سرکار کی اوّلین ترجیح ہے۔ جناب مودی نے منی پور کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں قیامِ امن کی خاطر آگے آئیں اور نوجوانوں کی ترقی اور بہبود کے راستے کا انتخاب کریں۔
وزیر اعظم نے GST کی نئے سلسلے کی اصلاحات کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ GST میں نمایاں کٹوتی سے منی پور کے لوگوں کو دوہرا فائدہ ہوگا اور یہ کہ سرکار نے عوام کیلئے بچت میں اضافہ کرنے اور زندگی کو زیادہ سہل بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ جناب مودی منی پور کے ایک دن کے دورے پر آج صبح امپھال پہنچے۔ اس کے بعد وہ Churachandpur گئے اور وہاں بے گھر ہونے والے افراد سے ملاقات کی۔