July 27, 2025 9:47 PM

printer

وزیر اعظم نے آکاشوانی پر اپنے ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں خلا سے متعلق اسٹارٹ اپس کی تیزی سے ترقی کو اجاگر کیا کیونکہ ان میں پچھلے پانچ سال میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج فخر کا اظہار کیا ہے کہ سائنس، اکیسویں صدی کے بھارت میں ایک نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔آکاشوانی پر اپنے ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شُکلا کی خلا سے واپسی کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ خوشی کی ایک لہر تھی اور پورے ملک نے اُس وقت بڑا فخر محسوس کیا جب بھارتی خلا نورد نے زمین پر محفوظ طریقے سے قدم رکھے۔ وزیر اعظم نے یاد کیا کہ  اگست 2023 میں چندریان تین کی کامیاب لینڈنگ سے ملک میں ایک نیا ماحول پیدا ہوا۔ انھوں نے کہا کہ بچوں میں سائنس اور خلا کے بارے میں تجسس پیدا ہوگیا، جس سے اُن کے یہاں خلائی سائنسداں بننے کی امنگیں پیدا ہوئیں۔
جناب مودی نے ملک میں خلا سے متعلق اسٹارٹ اَپس کی تیزی سے ترقی کا ذکر کیا۔ انھوں نے اشارہ دیا کہ اب سے پانچ سال پہلے خلا کے شعبے میں پچاس سے بھی کم اسٹارٹ اپ تھے اور اب یہ تعداد 200 سے زیادہ ہوگئی ہے۔جناب مودی نے اُن بھارتی طلبا کی تعریف کی جنھوں نے اِس مہینے کے شروع میں دوبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
وزیر اعظم مودی نے خاص طور پر کہا کہ علم فلکیات اور فلکی طبیعیات سے متعلق اولمپیاڈ اگلے مہینے ممبئی میں منعقد ہوگا، جس میں 60 سے زیادہ ملکوں کے طلبا حصہ لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا اولمپیاڈ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت، اولمپک اور اولمپیاڈ دونوں میں ہی آگے بڑھ رہا ہے۔وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ بھارت میں کپڑے کی صنعتیں اب محض کوئی اقتصادی شعبہ نہیں ہے بلکہ یہ ملک کی ثقافتی گوناگونیت کی نمائندگی بھی کرتی ہیں۔ انھوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ کپڑے اور ملبوسات کی مارکیٹ اب تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جس میں گائووں کی خواتین، شہروں کے ڈیزائنرس، معمر بُنکر اور نوجوان کارکن مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے، ہریالی تیج کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ ساوَن کی پھُوَار کے دوران ملک، ایک بار پھر تہواروں کے جذبے سے سرشار ہونے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے ناگ پنچمی، رکشا بندھن اور جنم اشٹمی جیسے تہواروں سے، لوگوں کے جذبات وابستہ ہیں۔ انھوں نے اِس موقع پر عوام کیلئے نیک خواہشات پیش کی۔