لال قلعے کی فصیل سے ملک سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے آپریشن سندور کے جانباز فوجیوں کو یہ کہتے ہوئے سلام پیش کیا کہ یہ کارروائی ملک کی مسلح افواج کی طاقت کا ایک واضح ثبوت تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلح افواج کو حکمت عملی تیار کرنے، نشانہ طے کرنے اور وقت کا انتخاب کرنے کی مکمل آزادی دی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے بہادر فوجیوں نے دشمنوں کو ایک ایسا منہ توڑ جواب دیا جس کا انہیں گمان بھی نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردوں کی وحشیانہ حرکت سے ہر بھارتی میں غصہ تھا اور آپریشن سندور اِس کا اظہار تھا۔ جناب مودی نے کہا کہ اب بھارت نے فیصلہ کیا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نیوکلیائی بلیک میل کو اب مزید برداشت نہیں کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ یوم آزادی امید اور امنگوں کا تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع 140 کروڑ بھارتیوں کے عزم اور ملک کی حصولیابیوں کے جشن کا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک مسلسل اتحاد کے جذبے کو مضبوط کررہا ہے۔