وزیرِ اعظم نریندر مودی کے فلیگ شپ پروگرام ’’پریکشا پے چرچا‘‘ کو ایک مہینے میں عوامی اندراج کے پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ شہریوں کے اندراج کی بدولت گنیز عالمی ریکارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعتراف اُس حصولیابی کا گواہ ہے، جس کے تحت MyGov پلیٹ فارم پر، اس پروگرام کے آٹھویں ایڈیشن کے دوران تین کروڑ 53 لاکھ اندراج کئے گئے۔ ’’پریکشا پے چرچا‘‘، جناب مودی کا تصور کردہ اور اُن کی قیادت والا وہ پلیٹ فارم ہے، جہاں وزیرِ اعظم، طلباء، اساتذہ اور سرپرستوں سے سیدھے بات کرتے ہیں۔ آج نئی دلّی میں منعقدہ تقریب کے دوران گنیز عالمی ریکارڈ سرٹیفکیٹ باضابطہ طور پر پیش کیا گیا۔ اِس تقریب میں تعلیم کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ریلویز اور اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، جناب پردھان نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ’’پریکشا پے چرچا‘‘ نے امتحانات کے دباؤ کو سیکھنے کے تہوار میں بدلنے کے قومی نقطۂ نظر کی دوبارہ تشریح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پریکشا پے چرچا‘‘ کے 8 ایڈیشنوں کو 2025 میں سبھی میڈیا پلیٹ فارمز پر 21 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، جناب ویشنو نے ’’پریکشا پے چرچا‘‘ کو بہتری اور تناؤ سے آزاد سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کی خاطر طلباء، اساتذہ اور سرپرستوں کو یکجا کرنے والی منفرد پہل قرار دیا۔
جناب ویشنو نے مزید کہا کہ امرت کال کے دوران طلباء کو کیریئر کے وسیع تر مواقع دستیاب ہیں اور سب سے زیادہ اندراج کیلئے دیا گیا گنیز عالمی ریکارڈ، اِس پہل میں عوام کے مضبوط بھروسے کو ظاہر کرتا ہے۔
Site Admin | August 4, 2025 9:51 PM
وزیر اعظم نریندر مودی کی پریکشا پے چرچا پہل کو، ایک مہینے میں بہت زیادہ اندراج کرنے کیلئے، گنیز ورلڈ ریکارڈ اعزاز سے نوازا گیا ہے