وزیر اعظم نریندر مودی کَل نئے بھرتی کئے گئے 71 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقرر نامے تقسیم کریں گے۔ جناب مودی اِس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ملک بھر میں 45 مقامات پر روزگار میلے کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ بھرتیاں مرکزی سرکار کی مختلف وزارتوں اور محکموں کیلئے کی جارہی ہیں۔
روزگار پیدا کرنے کو اولین ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عہد کی تکمیل کی سمت روزگار میلہ ایک اہم قدم ہے۔ اِس سے نوجوانوں کو ملک کی تعمیر میں اُن کی شمولیت اور خود کو بااختیار بنانے کیلئے بامقصد مواقع فراہم ہوں گے۔
ملک کے مختلف حصوں سے اِن بھرتی کئے گئے اہلکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے اور یہ امورِ داخلہ کی وزارت، ڈاک محکمے، اعلیٰ تعلیم کے محکمے، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت اور مالی خدمات کے محکمے سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں میں ذمہ داری سنبھالیں گے۔ x