وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اِس بات پر زور دیا کہ روزگار میلے سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور وکست بھارت میں اُنھیں اہمیت دینے کے حکومت کے عہد کی عکاسی ہوتی ہے۔ آج انھوں نے کہا کہ دنیا اِس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ بھارت کے پاس دو مضبوط قوتیں ہیں، ایک آبادی اور دوسری جمہوریت۔ وزیر اعظم آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں میں نئے بھرتی کئے گئے نوجوانوں کو51ہزار سے زیادہ تقررنامے تقسیم کرنے کے بعد سولہویں روزگار میلے سے خطاب کر رہے تھے۔
جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ملک میں اسٹارٹ اپس، اختراع اور تحقیق کے بڑھتے ایکونظام سے ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ یہ نوجوان اب ملک کی تعمیر میں ایک اہم رول ادا کر رہے ہیں اور وکست بھارت کیلئے کلیدی تعاون کر رہے ہیں۔نجی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں روزگار سے منسلک ترغیباتی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ آج ملک بھر کے 47 مقامات پر روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ نئے بھرتی کئے گئے افراد مرکزی حکومت کی مختلف وزراتوں اور محکموں میں کام کریں گے جن میں ریلوے، داخلی امور، عملے اور عوامی شکایات اور پنشن، محنت اور روزگار کی وزارتیں اور محصول، ڈاک اور اعلیٰ تعلیم کے محکمے شامل ہیں۔ ملک بھر میں روزگار میلوں کے ذریعے اب تک دس لاکھ سے زیادہ تقررنامے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔