آج وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی راجدھانی میں دین دیال اپادھیایہ مارگ پر دلّی BJP کے نئے تعمیر کئے گئے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس دفتر کا سنگ بنیاد جون 2023 میں BJP کے صدر جگت پرکاش نڈّا نے رکھا تھا۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نوراتری کے پوتر موقعے پر دلّی BJP کو ایک نیا دفتر ملا ہے۔
آئندہ سلسلے کی GST اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے غیر BJP حکمرانی والی اُن ریاستوں کے BJP ورکروں پر زور دیا جہاں پارٹی اپوزیشن میں ہے کہ وہ حکومت کو لازمی طور پر اِس بات کیلئے جوابدہ بنائیں کہ GST کی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچ پائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ NDA حکومت نے ملک میں اچھی حکمرانی کا ایک نیا ماڈل فراہم کیا ہے اور وہ ترقی اور وراثت کے منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ NDA حکومت نے ملک اور اُس کے شہریوں کی سلامتی کو اوّلین ترجیح دی ہے اور بڑے گھپلوں سے ملک کو آزاد کرکے بدعنوانی کے خلاف ایک فیصلہ کن لڑائی سے شہریوں میں اعتماد کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ جاری سوستھ ناری سشکت پریوار ابھیان کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسے خواتین کی صحت کی جانچ کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اب تک صحت سے متعلق کیمپوں میں تین کروڑ سے زیادہ خواتین کے مفت ہیلتھ چیک اَپ کئے جاچکے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے BJP کے صدر جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ، ملک اور پارٹی کیلئے وقف کردیا ہے۔