وزیر اعظم نریندر مودی نے یونیسکو کے باوقار عالمی ورثے کی فہرست میں مراٹھا فوجی قلعوں کی شمولیت کی ستائش کی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ یہ ہر بھارتی شہری کیلئے خوشی کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھا سلطنت کے اِن ورثوں میں 12 قلعے شامل ہیں، جن میں سے 11 مہاراشٹر میں اور ایک تمل ناڈو میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھا سلطنت اچھی حکمرانی فوجی طاقت اور ثقافتی وقار اور سماجی بہبود کا مظہر تھی۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عظیم حکمرانوں نے کسی بھی ناانصافی کے خلاف سینا سپر رہنے کی اہل وطن کو تحریک دی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے شہریوں پر اِن قلعوں کو دیکھنے جانے اور مراٹھا سلطنت کی مالامال تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے پر زور دیا۔
ثقافت کے محکمے کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی اِس تاریخی سنگ میل کی ستائش کی ہے اور اس حصولیابی کیلئے عوام کو مبارکباد دی ہے۔
یونیسکو عالمی ورثے کی فہرست میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا جب اس کی ہیریٹیج کمیٹی نے پیرس میں 47ویں اجلاس میں بھارت کی جانب سے باضابطہ طور پر پیش کئے گئے مراٹھا فوجی قلعے کی نامزدگی پر مہر لگائی۔ اس کے ساتھ مراٹھا سلطنت کے فوجی قلعوں کو 44 بھارتی ورثوں کی فہرست میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ کمیٹی کی میٹنگ میں 20 میں سے 18 ممبر ممالک نے بھارت کے حق میں ووٹ دیا۔ 17ویں سے 19ویں صدی پر محیط یہ قلعے مراٹھا سلطنت کے غیر معمولی 12 قلعوں کی اسٹریٹیجک اہمیت اور فن تعمیر کی مثال پیش کرتے ہیں۔ بھارت عالمی وراثتی مقامات کی سب سے زیادہ تعداد کے معاملے میں عالمی سطح پر چھٹی اور ایشیا بحرالکاہل خطے میں دوسری پوزیشن پر ہے۔