وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں جاری راحت اور بچائو کارروائیوں کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی۔ جناب مودی نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کیلئے ایک ہزار 600 کروڑ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ یہ ریاست کے پاس پہلے سے موجود 12 ہزار کروڑ روپئے کے علاوہ ہے۔ SDRF اور پی ایم کسان سمّان ندھی کی دوسری قسط کو پیشگی جاری کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ریاست میں سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کے کنبوں کیلئے دو-دو لاکھ روپئے اور شدید طور پر زخمی افراد کیلئے پچاس-پچاس ہزار روپئے کی مالی مدد کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم مودی نے انتہائی صبر کے ساتھ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک سیلاب متاثرین کی بات سنی اور اُن کے دُکھ کو محسوس کیا۔ انھوں نے سیلاب میں جان گنوانے والوں کے کنبوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت، اِس مشکل وقت میں ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے تحت دیہی علاقوں میں سیلاب سے منہدم ہوچکے مکانات کی تعمیر نو کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے داخل کردہ خصوصی پروجیکٹ کے تحت مالی مدد میں توسیع کی جائے گی۔ زراعت سے وابستہ لوگوں کی خاطر لازمی مدد کو تسلیم کرتے ہوئے اضافی امداد فراہم کی جائے گی۔ زمیں دوز ہوچکے سرکاری اسکولوں کو سمگر سکشا ابھیان کے تحت مالی مدد دی جائے گی۔
پنجاب میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کرنے والی بین وزارتی مرکزی ٹیموں کی جانب سے تفصیلی رپورٹ کی بنیاد پر مزید مالی امداد پر بھی غور کیا جائے گا۔
جناب مودی ہماچل پردیش کے سیلاب متاثرہ حصوں کا جائزہ لینے کے بعد گُرداس پور پہنچے تھے، جہاں انھوں نے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کے ساتھ مرکز کے شانہ بشانہ رہنے کے عزم کو دوہرایا۔