وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دہرہ دون میں اتراکھنڈ کے قیام کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کیا۔ انھوں نے آٹھ ہزار 140 کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ یہ پروجیکٹ پینے کا پانی، آبپاشی، تکنیکی تعلیم، توانائی، شہری ترقی، کھیل کود اور ہنر کے فروغ سے متعلق ہیں۔ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت وزیر اعظم نے 28 ہزار سے زیادہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست 62 کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم بھی منتقل کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ 9 نومبر کو اتراکھنڈ کا قیام، عوام کی طویل جدوجہد اور محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈبل انجن کی سرکار اتراکھنڈ کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کی مقامی مصنوعات ’ووکل فار لوکل‘ مہم کے ساتھ ہم آہنگ ہو رہی ہیں اور ریاست کی پندرہ زرعی مصنوعات کو GI Tags مل گئے ہیں۔ فلم اور شادی کی تقریب کے مقام کے طور پر ریاست میں امکانات پر زور دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اتراکھنڈ کی نئی فلم پالیسی نے ریاست میں شوٹنگ کو زیادہ آسان بنا دیا ہے اور یہ تیزی سے شادی کی تقریب کے مقام کے طور پر بھی ابھر رہی ہے۔