وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پی ایم کسان سمّان ندھی، کسانوں کی بہبود کے تئیں سرکار کے عہد کی ایک مثال ہے۔ آج وارانسی سے کسانوں کیلئے20 ہزار500 کروڑ روپئے کی کسان سمّان ندھی کی 20ویں قسط جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سرکار نے گذشتہ دہائی میں کسانوں کے ہرمسئلے کو حل کرنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ کام کیا ہے۔ جناب مودی نے اپوزیشن کی منفی سوچ پر اُس کی نکتہ چینی کی۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پی ایم کسان سمّان ندھی کے تحت اب تک تین لاکھ75 ہزار کروڑ روپئے کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کئے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے 90 ہزار کروڑ روپئے اترپردیش کے ڈھائی کروڑ کسانوں کو اور 900 کروڑ روپئے اکیلے کاشی کے کسانوں کو دیئے گئے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ کسانوں کیلئے موسم ہمیشہ ایک چیلنج رہا ہے اور اسی لئے پی ایم فصل بیمہ یوجنا کے تحت اب تک کسانوں کے ایک لاکھ 75 ہزار کروڑ روپئے کے دعوے نمٹائے گئے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر نکتہ چینی کرتے ہوئےکہاکہ یہ نیا بھارت ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران پوری دنیانے خود کفیل بھارت کی طاقت کودیکھ لیاہے۔ وزیراعظم نے اس بات کواجاگر کیا کہ آنے والے دنوں میں اترپردیش میں بنائے گئے برہموز میزائل اور ہتھیار دشمنوں کو نیست ونابود کردیں گے۔
وزیر اعظم نے دو ہزار200 کروڑ روپئے مالیت کے52 ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ اِن پروجیکٹوں کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے۔ اِن میں وارانسی میں بنیادی ڈھانچہ، تعلیم، حفظانِ صحت، سیاحت، شہری ترقی، ثقافتی وراثت، ثقافتی احیاء، بہتر رابطوں اور معیار زندگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔